23 اکتوبر، 2015، 3:24 AM

داعش کو پاکستان میں قدم نہیں رکھنے دیں گے

داعش کو پاکستان میں قدم نہیں رکھنے دیں گے

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوباما کو لشکر طیبہ اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کو پاکستان میں قدم نہیں رکھنے دیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوباما کو لشکر طیبہ اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کو پاکستان میں قدم نہیں رکھنے دیں گے۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوباما کے درمیان وائٹ ہاؤس میں دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی ایشیاء سے تمام انتہا پسند اور دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے کیلئے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک-ہندوستان تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مین بہتری ضروری ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوبامہ نے لائن آف کنٹرول پر بڑھتی کشیدگی اور پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ختم کرنے کیلئے قابل قبول حل تلاش کریں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پائیدار مذاکرات پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور انڈیا دہشت گردی کے باہمی خدشات مل کر دور کریں۔ بعدازاں امریکی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ ہندوستان نہ تو مذاکرات پر تیار ہے اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کی ثالثی ماننے پر راضی ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل یقینی بنائے۔

News ID 1859063

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha